تہران: (ویب ڈیسک) ایران نے کہا ہے کہ امریکی صدارتی انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ کی جیت واشنگٹن کیلئے اپنی سابق پالیسیوں پر نظرثانی کا ایک موقع ہے۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے اپنے بیان میں کہا کہ ہمیں مختلف امریکی انتظامیہ کی سابق پالیسیوں اور ہدایات کے حوالے سے بہت تلخ تجربات ہیں لیکن ٹرمپ کی جیت واشنگٹن کی طرف سے پچھلے غلط طریقوں پر دوبارہ غور اور نظر ثانی کرنے کا ایک موقع ہے۔
واضح رہے ٹرمپ نے 2018ء میں جوہری معاہدے سے یکطرفہ دستبرداری کے بعد سے تہران پر برسوں میں سخت ترین پابندیاں عائد کی تھیں، جنوری 2020ء میں ٹرمپ نے پاسداران انقلاب میں قدس فورس کے کمانڈر اور ایران کی علاقائی اثر و رسوخ کی حکمت عملی کے معمار قاسم سلیمانی کے قتل کا بھی حکم دیا تھا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ٹرمپ کے انتخابات کے پہلے اثرات میں ایرانی کرنسی کی قدر میں گراوٹ آنا بھی شامل ہے، ایران کی کرنسی اب تک کی کم ترین سطح پر آگئی جو تہران کے لیے منتظر نئے چیلنجوں کی نشاندہی کرتی ہے۔