تہران: (ویب ڈیسک) پاسداران انقلاب نے اسرائیل سے ہر ممکن بدلہ لینے کی یقین دہانی کرا دی۔
پاسداران انقلاب کے کمانڈر میجر جنرل حسین سلامی نے باسیج فورسز کے ساتھ ملاقات کے دوران کہا کہ اسرائیل خوفزدہ ہے، اس کے اہلکار پریشان اور فکر مند ہیں اور اس کے شہری پناہ گاہوں میں رہ رہے ہیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیلی فوج تھک چکی ہے جبکہ حزب اللہ اور مزاحمتی محاذ کے حوصلے اپنے عروج پر ہیں، ایرانی رہنما نے یہ بھی کہا کہ اس جنگ کا جاری رہنا صرف اسرائیل کی تباہی کا باعث بنے گا۔
ان کہنا تھاکہ ہم دیکھ رہے ہیں کہ اسرائیل کی تباہی کا انتظار ہے، یہ الفاظ کئی ایرانی حکام کی جانب سے اس بات کی تصدیق کے بعد سامنے آئے ہیں کہ اسرائیلی حملے پر ان کے ملک کے ردعمل نپا تلا اور درست ہوگا، ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ تہران جنگ کو وسعت دینے کی کوشش نہیں کر رہا۔