نمیبیا میں پہلی مرتبہ خاتون کو صدر منتخب کرلیا گیا

Published On 04 December,2024 02:36 pm

ونڈہاک : (ویب ڈیسک ) نمیبیا میں پہلی مرتبہ خاتون کو صدر منتخب کیا گیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق 72 سالہ نندی نداتواہ 57 فیصد ووٹوں سے ملک کی پہلی خاتون صدر منتخب ہوئیں۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق فروری میں صدر ہیگ گینگوب  کے انتقال کے بعد نندی نداتواہ کو نائب صدر مقرر کیا گیا تھا، وہ ڈپٹی وزیرِ اعظم اور کئی محکموں کی وزیر بھی رہ چکی ہیں۔

سیاسی جماعت جنوبی مغربی افریقہ پیپلز آرگنائزیشن (SWAPO) سے تعلق رکھنے والی نندی نداتواہ نے صدر منتخب ہونے کے بعد کہا کہ نمیبیا کے عوام نے امن اور استحکام کے لیے ووٹ دیا ہے۔

دوسری جانب اپوزیشن جماعتوں نے انتخابات کے نتائج کو مسترد کر دیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق تکنیکی مسائل، بیلٹ پیپرز کی قلت اور دیگر مسائل کی وجہ سے انتخابی عہدیداروں نے ووٹنگ کو ہفتے تک بڑھا دیا تھا، مسائل کے باعث ووٹرز کی لمبی قطاریں دیکھنے میں آئی تھیں جبکہ کچھ ووٹروں نے ووٹنگ کے پہلے دن 12 گھنٹے تک انتظار بھی کیا تھا۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق اپوزیشن جماعتوں نے ووٹنگ کے مرحلے میں توسیع کو غیر قانونی قرار دے کر نتائج کو عدالت میں چیلنج کرنے کا اعلان کیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اپوزیشن کے امیدوار نے 25.5 فیصد ووٹ حاصل کیے تھے۔