غزہ: (دنیا نیوز) صیہونی فورسز کی پناہ گاہوں، عمارتوں اور ہسپتالوں پر گولہ باری جاری، 24 گھنٹوں میں مزید 29 فلسطینی شہید جبکہ 112 زخمی ہوگئے۔
عرب میڈیا کے مطابق صیہونی فوج نے آٹے کے حصول کیلئے لائنوں میں کھڑے فلسطینیوں پر بھی بم گرا دیے، حملے میں 10 فلسطینی شہید جبکہ متعدد زخمی ہو گئے، شمال میں ہسپتال کا محاصرہ جاری ہے جس کے باعث 100 سے زائد مریضوں کی زندگیاں خطرے میں ہیں۔
عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ جبالیہ میں پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی ڈرون حملے میں 3 فلسطینی شہید ہوگئے، دیر البلاح میں بچوں سمیت ایک ہی خاندان کے 5 افراد صیہونی بمباری میں شہید ہوگئے۔
بوریج پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی فضائی حملے میں 11 فلسطینی شہید ہوگئے، غزہ میں شہداء کی مجموعی تعداد 44 ہزار 708 ہوگئی جبکہ 1 لاکھ 6 ہزار 50 فلسطینی زخمی ہو چکے ہیں۔