نیویارک: (ویب ڈیسک) اقوام متحدہ کے ادارہ برائے اطفال یونیسیف نے دنیا بھر میں جنگوں اور دیگر بحرانوں سے متاثر ہونے والے لاکھوں بچوں کے لیے آئندہ سال امداد فراہم کرنے کے لیے 9.9 بلین ڈالر کی فنڈ ریزنگ اپیل کر دی ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق یونیسیف کی ایگزیکٹیو ڈائریکٹر کیتھرین رسل نے گزشتہ روز بیان میں کہا کہ بچوں کی انسانی ضروریات کا پیمانہ تاریخی طور پر ایک اعلیٰ سطح پر ہے، جس سے ہر روز زیادہ بچے متاثر ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ رقم 109 ملین بچوں کو بنیادی صحت کی دیکھ بھال کی سہولیات، دماغی صحت کی خدمات، پینے کے پانی، تعلیم، غذائیت کی سکریننگ اور صنفی بنیاد پر تشدد کے خاتمے میں مدد فراہم کرے گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ 2025ء میں 146 ممالک اور خطوں میں تقریباً 213 ملین بچوں کو سال کے دوران انسانی امداد کی ضرورت ہو گی جو ایک حیران کن حد تک زیادہ تعداد ہے۔
واضح رہے کہ یونیسیف کی اپیل ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب انسانی بنیادوں پر امدادی سرگرمیوں کو مالی امداد کے ایک دائمی بحران کا سامنا ہے، یونیسیف نے گزشتہ سال اپنی فنڈ ریزنگ کال میں9.3 بلین ڈالر کی اپیل کی تھی۔