سعودی عرب نے فلسطینی بحران کو ناقابل برداشت قرار دے دیا

Published On 03 December,2024 07:14 am

ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی وزیر خارجہ نے کہاکہ فلسطین میں انسانی بحران ناقابل برداشت ہوچکا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا کہ غزہ کی پٹی میں حالیہ کشیدگی اور تنازعات کے دائرے میں توسیع کے اثرات ایک ایسی جامع جنگ تک پہنچنے کے خطرے کو ظاہر کر رہے ہیں جس پر قابو پانا مشکل ہے۔

انہوں نے کہاکہ فلسطین میں انسانی بحران کے حالات ناقابل برداشت حد تک پہنچ چکے ہیں کیونکہ وحشیانہ جنگی مشین کے ہاتھوں 44 ہزار سے زیادہ فلسطینی اپنی جانیں گنوا چکے ہیں، ایک لاکھ سے زیادہ زخمی ہیں، ساڑھے تین لاکھ افراد غیر انسانی حالات میں رہ رہے ہیں۔

شہزادہ فیصل بن فرحان نے مزید کہا کہ سعودی عرب نے اسرائیلی حملوں کے متاثرین کو تعاون اور امداد فراہم کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، غزہ کی پٹی میں بحران کے آغاز سے لے کر اب تک سعودی عرب کی طرف سے فراہم کئے گئے کل پروگراموں اور منصوبوں کی رقم 500 ملین ریال سے زیادہ ہوگئی ہے۔

سعودی وزیر خارجہ کے مطابق مملکت کی جانب سے غزہ کی پٹی میں فلسطینی عوام کو 6,600 ٹن سے زائد خوراک اور پناہ گاہوں کا سامان بھیجا گیا ہے، ادویات، طبی سامان اور ایمبولینسز فراہم کی گئی ہیں۔