واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکا نے غلطی سے بحیرہ احمر پر اپنا ہی طیارہ مار گرایا تاہم طیارے کے دونوں پائلٹ بچ نکلنے میں کامیاب رہے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق امریکی سینٹرل کمانڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایف اے 18ہارنیٹ طیارہ بحیرہ احمر میں امریکی جہازکے قریب سےگزر رہا تھا، میزائل کروز گیٹس برگ نے میزائل مار کر طیارہ غلطی سے مار گرایا۔
سینٹ کام حکام کے مطابق غلطی سےگرائے گئے امریکی طیارےکا ایک پائلٹ معمولی زخمی ہوا جسے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ واقعے کی تحقیقات بھی شروع کردی گئی ہیں۔
خیال رہے کہ بحیرہ احمر گزشتہ ایک برس سے ملٹری حب بنا ہوا ہے اور امریکی فورسز یمن کے حوثی باغیوں کی جانب سے بحری جہازوں پر حملوں کو روکنے کے لیے حوثیوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔
گزشتہ روز بھی امریکا نے یمن میں حوثی باغیوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا اور اینٹی کروز شپ میزائل بھی مار گرایا۔