سیئول: (دنیا نیوز) جنوبی کوریا میں لینڈنگ کے دوران طیارہ خوفناک حادثے کا شکار ہو گیا جس کے نتیجے میں 179 افراد ہلاک ہو گئے جبکہ 2 کو بچا لیا گیا۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق جنوبی کوریا کی قومی ایئر لائن نے طیارے کو پیش آنے والے حادثے میں 179 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کر دی ہے، 2 افراد کو زندہ بچا لیا گیا۔
رپورٹس میں بتایا گیا کہ طیارے کو حادثہ لینڈنگ گیئر میں خرابی کے سبب پیش آیا،طیارہ رن وے سے اتر کر رن وے کے گرد لگی باڑ سے جا ٹکرایا جس سے طیارے میں آگ بھڑک اٹھی بعد ازاں ایمرجنسی عملے نے طیارے میں لگی آگ بجھا دی۔
خبر ایجنسی کے مطابق جبکہ حادثہ جنوبی کوریا موان ائیرپورٹ پر پیش آیا۔
رپورٹ کے مطابق جنوبی کورین ائیرلائن کے طیارے میں 175 مسافر اور 6 فلائٹ اٹینڈنٹ سوار تھے جبکہ طیارہ تھائی لینڈ کے شہر بنکاک سے واپس آرہا تھا۔
وزارت ٹرانسپورٹیشن کے مطابق مسافروں میں تھائی لینڈ کے دو شہری بھی شامل ہیں جبکہ باقی کا تعلق جنوبی کوریا سے ہے۔
خیال رہے کہ موان ائیر پورٹ طیارہ حادثہ 1997 کے بعد سے کسی بھی جنوبی کوریائی ائیر لائن کا بدترین حادثہ ہے، جنوبی کوریا میں 1997 کے طیارہ حادثے میں 200 سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے۔
دوسری جانب صدرمملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے جنوبی کوریا میں طیارہ حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حادثے میں قیمتی جانوں کے نقصان پر دکھ ہے، غم کی گھڑی میں جنوبی کوریا کے عوام اور حکومت کے ساتھ ہیں۔