نیروبی: (ویب ڈیسک) کینیا کی مکوینی کاؤنٹی کے گاؤں مکوکومیں آسمان سے 500 کلوگرام وزنی آٹھ فٹ قطر کا دھاتی ٹکڑا گرنے سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
کینیا کی خلائی ایجنسی کے ایس اے نے اس کے خلائی ملبہ ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ممکنہ طور پر حالیہ راکٹ لانچ سے علیحدہ ہونے والاٹکڑا ہے۔
عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق خوش قسمتی سے اس واقعہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم مقامی باشندے اس کی آواز سے گھبرا گئے، انہیں شبہ تھا کہ یہ کوئی دھماکہ خیز چیز ہو سکتی ہے، کے ایس اے کے عہدیدار میجر الوئز نے واضح کیا کہ ایجنسی ملبے کی اصلیت جاننے کے لئے مکمل تحقیقات کر رہی ہے اور حکام نے متاثرہ جگہ سے ملبے کے ٹکڑے جمع کرنا شروع کر دیئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ایجنسی ذمہ دار فریق کی شناخت کے بعد بین الاقوامی قانون کے تحت موجودہ قانونی طریقہ کار کے ذریعے احتساب کا عمل شروع کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔
اس واقعہ سے خلائی ملبے کے زمین پر گرنے س ممکنہ نقصان کاخطرہ اجاگر ہوتا ہے جس کے خدشات 2024ء تک سالانہ 250 سے زیادہ راکٹ لانچ ہونے سے بڑھتے جا رہے ہیں۔
خلائی ملبہ زمین کی طرف آنے کی صورت میں یا غیر آباد علاقوں جیسے سمندروں میں گرنے کے دوران بکھر جانے کے لئے ڈیزائن کیا گیا ہے تاہم حالیہ واقعہ زمین پر نقصان کے خدشات کو بھی سامنے لاتا ہے۔
دوسری جانب ماہرین نے بھی خبردار کیا ہے کہ خلائی ملبے کا بڑھتا ہوا حجم زمین اور زمین کے گرد مدار کے ماحول دونوں کے لئے اہم خطرات کا باعث ہے۔