بیجنگ: (ویب ڈیسک) چین نے مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی برآمدات پر امریکی پابندیوں کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ چینی کاروباری اداروں کے جائز حقوق اور مفادات کے تحفظ کے لیے پرعزم اقدامات کریں گے۔
عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق چینی وزارت خارجہ کے ترجمان گو جیاکون نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ امریکا نے قومی سلامتی کے تصور کو عام کیا، اقتصادی اور تکنیکی مسائل کو سیاسی بنایا اور ہتھیاروں سے لیس کیا اور چین کو دبانے کے لیے برآمدی کنٹرول کا غلط استعمال کیا۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ اقدامات مارکیٹ کے قوانین اور بین الاقوامی اقتصادی اور تجارتی نظام، عالمی صنعتی اور سپلائی چین کے استحکام کو نمایاں طور پر متاثر کرتے ہیں اور چین اور امریکا دونوں کے ساتھ ساتھ مختلف ممالک کی کاروباری برادریوں کے مفادات کو نقصان پہنچاتے ہیں۔
ترجمان چینی وزارت خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ اے آئی پوری انسانیت کا مشترکہ اثاثہ ہے اور اسے دولت مند قوموں اور افراد کے لیے کھیل نہیں ہونا چاہیے اور نہ ہی اسے نئے ترقیاتی خلا پیدا کرنے کے لئے استعمال کیا جانا چاہئے۔
انہوں نے امریکا پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ مصنوعی ذہانت کے شعبے میں درجہ بندی متعارف کروا کر اپنی بالادستی کو برقرار رکھنے کی کوشش کر رہا ہے اور چین سمیت ترقی پذیر ممالک کو تکنیکی ترقی اور ترقی کے ان کے حقوق سے محروم کر رہا ہے۔
چینی ترجمان نے کہا کہ مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی امریکی پالیسی دوسرے ممالک کے لئے مشکلات کا باعث ہے جو اے آئی کی ذمہ دارانہ ترقی کو فروغ دینے والے ممالک کے مشترکہ مفادات سے متصادم ہے، جس سے امریکا کی جانب سے ٹیکنالوجی میں نئی سرد جنگ شروع کرنے کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بہت سی امریکی ٹیکنالوجی کمپنیوں اور صنعتی ایسوسی ایشنز نے بائیڈن انتظامیہ کے اقدامات کی واضح طور پر مخالفت کی ہے۔