تل ابیب: (دنیا نیوز) اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ حماس نے غزہ میں جنگ بندی سے متعلق معاہدے کی منظوری دے دی ہے۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق معاہدے پر حماس کی منظوری کے بعد دستخط کا عمل شروع ہو جائے گا، منظوری سے پہلے حماس نے غزہ پٹی سے اسرائیلی فوج کے مرحلہ وار انخلا کا جائزہ لیا، جنگ بندی جمعرات سے شروع ہونے پر قیدیوں کا تبادلہ اتوار کو شروع ہونے کا امکان ہے۔
اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ حماس غزہ جنگ بندی اور مغویوں کی واپسی کے قطری ثالث کے مسودے پر راضی ہے، معاہدے کے قطری مسودے کے تحت پہلے مرحلے میں 33 اسرائیلی مغوی رہا کیے جائیں گے، معاہدے کے 16ویں روز سے جنگ بندی ڈیل کے دوسرے مرحلے پر مذاکرات شروع ہوں گے۔
دوسری جانب قطر میں مذاکرات کاروں کا کہنا ہے کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کے معاہدے پر بہت جلد اتفاق ہو سکتا ہے اور دوحہ میں فریقین کے درمیان بلواسطہ بات چیت ’حتمی مرحلے‘ میں داخل ہو گئی ہے۔
قطر کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری نے صحافیوں کو بتایا کہ حالیہ ہفتوں میں فریقین کے درمیان بڑے مسائل حل ہو گئے ہیں اور ممکنہ معاہدے کے مجوزات اسرائیلی حکام اور حماس کے مذاکرات کاروں کے حوالے کر دیے گئے ہیں۔