سعودیہ کے 2 اساتذہ دنیا کے 50 بہترین ٹیچروں کی فہرست میں شامل

Published On 17 January,2025 02:02 am

ریاض: (ویب ڈیسک) سعودیہ کے 2 اساتذہ کو دنیا کے 50 بہترین ٹیچروں کی فہرست میں شامل کر لیا گیا۔

عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق برطانیہ میں فار کی جیمس فاؤنڈیشن کی جانب سے دنیا کے 50 بہترین ٹیچروں کی فہرست میں سعودی عرب کے 2 ٹیچر منصور بن عبداللہ اور ذکیہ اللحیانی کو بھی ایوارڈ دیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ان کا انتخاب 90 ممالک کے بہترین اساتذہ میں سے کیا گیا ہے، انتخاب کے لئے مقابلے میں شریک اساتذہ کا ریکارڈ دیکھا جاتا ہے جو ان کی کارکردگی اور معاشرتی خدمت، سماجی کام، چیلنجز سے نمٹنے کی صلاحیت و دیگر امور کا جائزہ لیا جاتا ہے۔

بہترین استاد کا عالمی ایوارڈ حاصل کرنے والے ٹیچر منصوربن عبداللہ نے ریجنل ادارہ تعلیم کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس حوالے سے بھرپور تعاون کیا۔

سعودی عرب کے ریجنل ڈائریکٹر جنرل ایجوکیشن نے اس کامیابی پر مشرقی علاقے کے گورنر شہزادہ سعود بن نائف اور نائب گورنر شہزادہ سعود بن بندر کو اس کامیابی پر مبارکباد کا پیغام ارسال کیا ہے۔

بہترین ٹیچر کا ایوارڈ حاصل کرنے والی ذکیہ اللحیانی کو ریجنل ایجوکیشن ڈائریکٹر نے ایوارڈ ملنے پر مبارک باد دی ہے۔