سنہری دور شروع، امریکا کو دوبارہ عظیم ملک بنائیں گے: ڈونلڈ ٹرمپ

Published On 20 January,2025 10:30 pm

واشنگٹن: (دنیا نیوز) نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ آج سے نیا اور سنہری دور شروع ہورہا ہے، امریکا کو دوبارہ عظیم ملک بنائیں گے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے 47 ویں امریکی صدر کے عہدے کا حلف لینے کے بعد خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کرپٹ اسٹیبلشمنٹ سے ملک کو چھٹکارا دلوانا، عوام کے مسائل کو حل کرنا ترجیحات ہیں، امریکا میں قانون کی بالادستی کویقینی بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کچھ عرصہ پہلے مجھ پرحملہ کیا گیا، خدا نےامریکا کوعظیم بنانے کے لیے مجھے محفوظ رکھا، لانس اینجلس کی آتشزدگی اور وہاں کے بے داخل شہریوں کی بھی مدد کی جائے گی۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے ووٹ دینے پر عوام کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ امریکا کو قابل فخر اور اقوام میں سرفہرست بنائیں گے، آج سے آپ کو تیز ترین تبدیلیاں نظر آئیں گی، ملک کو ہتھیاروں سے پاک کریں گے اور دنیا بھر سے تعلقات کو بہتر کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ آج سے امریکا کے نیچے جانے کا وقت ختم ہوگیا ہے، محکمہ انصاف کا غیر منصفانہ استعمال ختم ہوجائے گا، میں اپنے ملک، قوم، عوام اور خدا کو کبھی نہیں بھولوں گا، 8 سال مجھے جن مشکلات کا سامنا رہا امریکی تاریخ میں کسی اور کے ساتھ ایسا نہیں ہوا، آج کا دن امریکی شہریوں کی آزادی کا دن ہے۔ 

اپنے خطاب کے دوران امریکی صدر ٹرمپ نے نائب صدر وینس، اسپیکر جانسن، سابق صدور کو مخاطب کیا، انہوں نے کہا کہ سابق حکومتیں داخلی مسائل حل نہیں کرسکیں لیکن دنیا بھر میں مہنگی مہمات کرتی رہیں۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ سیاہ فام اور لاطینی امریکیوں کا شکریہ، میں نے اُن کے مسائل سُنے ہیں، آج مارٹن لوتھر کنگ ڈے ہے اور اس مناسبت سے میں ان کےلیے کام کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ میں امریکا کی جنوبی سرحدوں پر نیشنل ایمرجنسی کا اعلان کروں گا، آج تاریخی حکم ناموں پر دستخط کروں گا، ہم لاکھوں غیر قانونی تارکین وطن اور جرائم پیشہ افراد کو اُن کے ملکوں کو واپس بھیجیں گے، منظم جرائم کے گروہوں کو غیر ملکی دہشت گرد قرار دیں گے، ان دہشتگرد گروں کے خلاف امریکی فوج کو استعمال کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ اپنی کابینہ کو ہدایت دوں گا کہ ہر صورت میں مہنگائی پر قابو پائے، میں امریکی عوام پر ٹیکسوں میں کمی کروں گا۔ امریکا ایک بار پھر دنیا کا سب سے بڑا مینوفیکچرنگ ملک بننے گا۔ میں امریکا کے تجارتی نظام کو فوری ٹھیک کرنے میں لگ جاؤں گا۔

انکا کہنا تھا کہ میں تمام حکومتی سنسرشپ ختم کرنے کا فوری حکم دوں گا، امریکا میں آزاد اظہار رائے کی مکمل آزادی بحال کروں گا، امریکا کی جنوبی سرحدوں پر نیشنل ایمرجنسی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اپنے ملک کو خطرات اور دراندازیوں سے بچانا اولین ذمہ داری ہے۔

انکا کہنا تھا کہ امریکا کے دشمنوں کو شکست دیں گے، میں امن قائم کرنے والا بننا چاہتا ہوں، ہماری افواج اپنے اہم مقصد امریکا کی حفاظت پر ہی فوکس رکھے گی، ہم خلیچ میکسیکو کا نام بدل کر خلیج امریکا رکھ رہے رہیں، ہم پاناما کینال واپس لیں گے۔