غزہ جنگ بندی: حماس نے اسرائیلی خاتون اربیل یہود سمیت 8 قیدیوں کو رہا کردیا

Published On 30 January,2025 05:12 pm

غزہ: (دنیا نیوز) حماس نے اسرائیلی خاتون اربیل یہود سمیت 8 قیدیوں کو ریڈ کراس کی ٹیم کے حوالے کردیا، اسرائیلی نے تصدیق کردی۔

عرب میڈیا کے مطابق حماس کی جانب سے 5 تھائی اور 3اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی کا امکان ہے جس کے تبادلے میں اسرائیل 30 بچوں سمیت 110 فلسطینیوں کو رہا کرے گا۔

چند روز قبل حماس نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ اسرائیل یرغمالی خاتون اربیل کے بہانے اسرائیل فلسطینیوں کی واپسی کو روک رہا ہے، حالانکہ تحریک نے ثالثوں کو مطلع کیا تھا کہ وہ زندہ ہے اور اس کی رہائی کے لیے تمام ضروری ضمانتیں دی گئی ہیں۔

واضح رہے کہ غزہ جنگ بندی کا پہلا مرحلہ 42 روز پر محیط ہے، پہلے مرحلے میں 33 اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی طے ہے۔

دوسری جانب اسرائیل کی مغربی کنارے میں بمباری میں مزید 10 فلسطینی شہید ہوگئے، قابض صیہونی فورسز نے متعدد مکانات تباہ کر دیئے جبکہ چھاپہ مار کارروائیوں میں مزید 26 فلسطینی نوجوانوں کو حراست میں لے لیا گیا۔