جنگ بندی معاہدہ، ہزاروں بے گھر فلسطینی کھنڈر بنے گھروں کو لوٹنے لگے

Published On 27 January,2025 05:17 pm

غزہ: (دنیا نیوز) غزہ میں جنگ بندی معاہدے کے مطابق بے گھر فلسطینیوں کی واپسی جاری ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فورسز غزہ کے نام نہاد نیٹزارم کوریڈور سے پیچھے ہٹ گئیں ، شمالی غزہ میں دسیوں ہزار فلسطینی اپنے پیاروں کے ساتھ کھنڈر بنے گھروں کو لوٹنے لگے۔

اسرائیلی فوج نے دو مختلف راستوں سے فلسطینیوں کو اپنے علاقوں میں جانے کی اجازت دی، اسرائیل نے اربیل یہود کی رہائی کا بہانہ بناکر لاکھوں فلسطینیوں کی غزہ میں واپسی روک دی تھی۔

عرب میڈیا کے مطابق شمالی غزہ میں تقریباً 80 فیصد عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن چکی ہیں، 7 اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی بربریت میں 46 ہزار 306 فلسطینی شہید ہوئے۔

صیہونی حملوں میں 1 لاکھ 11 ہزار 483 افراد زخمی بھی ہوچکے ہیں، گزشتہ 72 گھنٹے کے دوران 23 زخمیوں نے ہسپتال میں دم توڑا، 11 زخمی ہوئے۔