نیویارک: (ویب ڈیسک) روس نے یو این آر ڈبلیو اے پر اسرائیلی پابندی بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیدی
عالمی میڈیا کے مطابق روس نے کہا ہے کہ اسرائیل کی طرف سے اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی فار فلسطینی ریفیوجیز ان نیئر ایسٹ (UNRWA) کی سرگرمیوں پر پابندی نہ صرف بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے بلکہ ان شرائط کی بھی خلاف ورزی ہے جن کے تحت اسرائیل کو اقوام متحدہ کی رکنیت دی گئی تھی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اقوام متحدہ میں روس کے مستقل نمائندے واسیلی نیبنزیا نے غزہ کی پٹی میں بچوں کی صورتحال پر روس کی طرف سے بلائے گئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ غزہ میں صحت کی دیکھ بھال کا نظام تباہ ہو چکا ہے، جس نے بچوں کی طبی خدمات تک رسائی پر تباہ کن اثرات مرتب کئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ فیصلے نہ صرف بین الاقوامی انسانی قانون کے اصولوں کی بلکہ 1946ء کے کنونشن کے استحقاق اور استثنیٰ کی بھی خلاف ورزی ہیں، اسرائیلی حکومت کے یہ فیصلے 1949ء میں اسرائیل کی اقوام متحدہ کی رکنیت کی شرائط سے متصادم ہیں۔
روسی مندوب نے اس بات کی نشاندہی کی کہ یواین آر ڈبلیو اے کو کام کو روکنے کے فلسطینی آبادی کے سب سے زیادہ کمزور گروہوں خصوصاً بچوں کے لئے تباہ کن نتائج برآمد ہوں گے اور اس کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔