امریکی عدالت نے ٹرمپ انتظامیہ کو یو ایس ایڈ بند کرنے سے روک دیا

Published On 08 February,2025 09:37 am

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی عدالت نے عارضی طور پر ٹرمپ انتظامیہ کو یو ایس ایڈ بند کرنے سے روک دیا۔

سرکاری ملازمین کی یونین کی درخواست پر جج کارل نکولس نے ٹرمپ انتظامیہ کو یو ایس ایڈ بند کرنے سے روکا اور 2200 ملازمین کو جبری رخصت پر بھیجے جانے پر عارضی پابندی لگا دی۔

ڈسٹرکٹ آف کولمبیا کے جج کارل نکولس کو صدر ٹرمپ نے 2009 میں تعینات کیا تھا۔

یونین کے وکلا نے ٹرمپ کی کوششوں کو اختیارات سے تجاوز قرار دیا، مقدمہ دائر کرنیوالی یونین نے عدالت سے درخواست کی ہے کہ ٹرمپ نے اقدام کیلئے کانگریس سے اجازت نہیں لی، یو ایس ایڈ کیخلاف صدر ٹرمپ کا اقدام غیرآئینی اور غیرقانونی ہے۔

یاد رہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے 20 جنوری کو عہدہ سنبھالنے کے چند گھنٹوں بعد ہی امریکی بیرونی امداد پر پابندی عائد کرنے کا حکم دیا تھا، جس کے بعد یو ایس ایڈ کے تقریباً تمام عملے کو فارغ کرنے کا ارادہ کیا گیا تھا، عملے کو بھیجے گئے نوٹس کے مطابق 10 ہزار ارکان کو فارغ کیا جانا تھا۔