ٹورنٹو: (دنیا نیوز) بھارتی نژاد کینیڈین تاجر انکت سریواستو کینیڈا میں خفیہ سرگرمیوں میں ملوث نکلا۔
گلوبل نیوز ویب سائٹ کی رپورٹ نے کینیڈا میں سکھ رہنما کے قتل سے لیکر امریکا میں قتل کی سازش تک سب کچھ عیاں کر دیا، رپورٹ کے مطابق بھارتی حکومت بلا شک و شبہ دیگر ممالک میں غیر قانونی کارروائیوں میں ملوث رہتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق بھارتی کاروباری گروپ ’’سریواستو گروپ‘‘ کا ہیڈ کوارٹر کینیڈا میں ہے، کینیڈین قومی سلامتی کے حکام کے مطابق سریواستو گروپ اور اس کے سینئر عہدیداران خفیہ سرگرمیوں میں ملوث ہیں، حکام نے انکت سریواستو کو کینیڈا آنے سے روکتے ہوئے اسے کینیڈا کیلئے سنگین خطرہ قرار دیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سی ایس آئی ایس اور کینیڈا کے دیگر حکام کا کہنا ہے کہ سریواستو گروپ نے یورپ میں بھی بھارت کے حق میں مہمات چلائیں، انکت سریواستو کو کینیڈا کے حکام نے کینیڈا میں مستقل رہائش دینے سے انکار کر دیا۔
سفارتی ذرائع کے مطابق بھارتی باشندے غیر ملکی سرزمین پر غیر قانونی کاموں میں ملوث ہیں۔