ٹرمپ کا ایرانی سپریم لیڈر کے نام خط، جوہری معاہدے پر بات جیت کی پیشکش

Published On 07 March,2025 08:04 pm

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ انہوں نے ایران کو ایک خط بھیجا ہے جس میں جوہری معاہدے پر مذاکرات کی پیشکش کی گئی ہے۔

ایک انٹرویو میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ’’میں نے کہا کہ امید ہے کہ آپ مذاکرات کریں گے، کیونکہ یہ ایران کے لیے زیادہ بہتر ہوگا‘‘ ان کا کہنا تھا کہ ایران کا جوہری ہتھیار بنانا ناقابل قبول ہے اور اس مسئلے کے حل کے لیے بات چیت ضروری ہے۔

ٹرمپ نے مزید کہا کہ انہوں نے یہ خط ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کو ارسال کیا ہے، انہوں نے کہا ’’مجھے لگتا ہے کہ وہ اس خط کو حاصل کرنا چاہتے ہیں، دوسری صورت میں ہمیں کچھ نہ کچھ کرنا ہوگا، کیونکہ کسی اور جوہری ہتھیار کو بننے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔‘‘