امریکا: سیکرٹ سروس اہلکار نے وائٹ ہاؤس کے قریب مسلح شخص کو گولی ماردی

Published On 09 March,2025 10:53 pm

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی سیکرٹ سروس اہلکاروں نے ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب وائٹ ہاؤس کے قریب ایک مسلح شخص کو گولی مار کر زخمی کردیا۔

غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق سیکرٹ سروس کے ترجمان کے بتانا ہے کہ زخمی شخص کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے تاہم اس کی حالت کے بارے میں معلومات فراہم نہیں کی گئیں، ترجمان نے یہ بھی واضح نہیں کیا کہ آیا مسلح شخص کا ہدف وائٹ ہاؤس یا صدر ڈونلڈ ٹرمپ تھے یا نہیں۔

سیکرٹ سروس کے ترجمان کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان کے مطابق اس واقعے میں سیکرٹ سروس کے کسی اہلکار کو نقصان نہیں پہنچا، واقعے کے وقت امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ وائٹ ہاؤس میں موجود نہیں تھے۔

بیان میں کہا گیا کہ مقامی پولیس نے سیکرٹ سروس کو ’خودکش رجحان رکھنے والے‘ ایک شخص کے بارے میں اطلاع دی تھی جو ریاست انڈیانا سے واشنگٹن جا رہا تھا، آدھی رات کے قریب اہلکاروں نے وائٹ ہاؤس کے بہت قریب اس شخص کی گاڑی کھڑی پائی جس کے بعد قریبی علاقے میں ایک مشتبہ فرد کو شناخت کیا گیا۔

سیکرٹ سروس کے بیان میں بتایا گیا کہ جب اہلکار اس کی جانب بڑھے تو اس نے اچانک اسلحہ نکال لیا جس کے بعد فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور سیکرٹ سروس کے اہلکاروں نے مسلح شخص پر گولیاں چلائیں۔

مشتبہ شخص کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے اور اس کی موجودہ حالت کے بارے میں معلومات دستیاب نہیں ہیں جبکہ واشنگٹن پولیس واقعے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔