تہران: (دنیا نیوز) ڈونلڈ ٹرمپ کا جوہری مذاکرات کیلئے بھیجا گیا خط ایران کو پہنچا دیا گیا۔
امریکی صدر ٹرمپ کا خط متحدہ عرب امارات کے صدارتی مشیر نے ایران پہنچایا، اماراتی مشیر انور قرقاش نے عباس اراقچی سے ملاقات میں ٹرمپ کا خط ان کے حوالے کیا، ترجمان ایرانی وزارت خارجہ نے خط موصول ہونے کی تصدیق کر دی۔
واضح رہے کہ ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے امریکا کے ساتھ جوہری مذاکرات کے خیال کو مسترد کر دیا ہے اور کہا ہے اگر ہم ایٹمی ہتھیار بنانا چاہیں تو امریکا ہمیں نہیں روک سکے گا لیکن ہم نہیں چاہتے۔
ان کا مزید کہنا تھاکہ ایران پہلے سے زیادہ مضبوط پوزیشن میں ہے، ٹرمپ کا مذاکرات کا مطالبہ رائے عامہ کا دھوکہ ہے، امریکا کے ساتھ مذاکرات ایران پر سے پابندیاں اٹھانے کا باعث نہیں بنیں گے۔