جنونی بھارتی فورسز کا کشمیری مسلمانوں کے خلاف کریک ڈاؤن، صحافی بھی گرفتار

Published On 25 April,2025 10:26 pm

سری نگر:(دنیا نیوز) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز نے بے گناہ کشمیری مسلمانوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کردیا۔

 کشمیری میڈیا رپورٹ کے مطابق جو بھی فاشسٹ مودی پر سوال اٹھاتا ہے، گجرات کا قصاب اسے گرفتار کروا کے جعلی معابلے میں مار دیتا ہے، پہلگام فالز فلیگ آپریشن اور مودی حکومت پر سوال اٹھانے والے کشمیری صحافی کو بھارتی فوج نے جبراً گرفتار کر لیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ کشمیری صحافی نے سوال اٹھائے تھے کہ سخت ترین سکیورٹی کے باوجود پہلگام میں دہشتگردی کیوں ممکن ہوئی ؟ حملے کے وقت 7 لاکھ سے زائد بھارتی فوج اور سکیورٹی ایجنسیاں کیا کر رہی تھیں،؟ پہلگام تک جاتے جاتے مجھے 10 چیک پوسٹوں پر روکا جاتا ہے۔

دوسری جانب ذرائع نے بتایا کہ پہلگام حملے کے بعد بھارتی فوج کا مقبوضہ کشمیر میں مسلم اکثریتی علاقوں میں کریک ڈاؤن جاری ہے، بھارتی فوج اپنی نااہلی چھپانے کے لئے بے گناہ کشمیری مسلمانوں کو نشانہ بنانے لگی اور مختلف علاقوں میں بے گناہ کشمیریوں کو گرفتار کر رہی ہے۔

باوثوق ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں تعینات 8لاکھ سے زائد بھارتی فوج آئے روز جعلی مقابلے کا ڈرامہ رچاتی ہے، بھارتی فوج کا وتیرہ ہے کہ ہر فالز فلیگ آپریشن کے بعد بے گناہ مسلمانوں کو نشانہ بناتی ہے۔