غزہ پر صیہونی فورسز کے وحشیانہ حملوں میں تیزی، مزید 54 فلسطینی شہید

Published On 06 May,2025 05:55 pm

غزہ: (دنیا نیوز) پناہ گاہ عمارتوں، خیموں اور تباہ حال ہسپتالوں پر صیہونی فضائیہ کے حملے جاری، 24 گھنٹوں میں مزید 54 فلسطینی شہید جبکہ 142 زخمی ہوگئے۔

عرب میڈیا کے مطابق خان یونس میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے متعدد افراد شہید اور زخمی ہوئے، شہدا کی مجموعی تعداد 52 ہزار 615 ہوگئی جبکہ 1 لاکھ 18 ہزار 752 زخمی ہیں۔

عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ غزہ میں خوراک، ادویات، ایندھن اور پانی کے داخلے کی بندش 10ویں ہفتے میں داخل ہوگئی، ایندھن کی ترسیل میں بندش سے متعدد ہسپتالوں کے بند ہونے کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔

دوسری جانب اسرائیلی قابض فوج کی جانب سے مغربی کنارے میں 15 گھروں کو مسمار کر دیا گیا، صیہونی فوج مظلوم فلسطینیوں کے مزید 75 گھروں کو مسمارکرنے کی تیاری کر رہی ہے۔