ویٹیکن سٹی: (ویب ڈیسک) پوپ فرانسس کی آخری رسومات کے بعد ان کی وصیت سامنے آئی ہے جس میں خاص طور پر غزہ کا تذکرہ کیا گیا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق پوپ فرانسس نے اپنی وصیت میں لکھوایا کہ میرے مرنے کے بعد میری گاڑی کو غزہ کے بچوں کے لیے کلینک بنادیا جائے۔
"دی ویٹی کن نیوز" کے مطابق پوپ فرانسس کی وصیت پر عمل درآمد کے لیے ان کی گاڑی کو اس انداز میں دوبارہ تیار کیا جائے گا کہ وہ ایک چلتا پھرتا کلینک بن جائے۔
اس موبائل کلینک میں غزہ کے بچوں کے طبی معائنے، علاج معالجے، ویکسینیشن، مرہم پٹی اور فوری ٹیسٹ کی سہولت موجود ہو گی، اس موبائل کلینک کو غزہ کے اُں علاقوں میں استعمال کیا جائے گا جہاں طبی سہولیات میسر نہیں ہیں۔
خیال رہے کہ یہ وہی گاڑی ہے جو پوپ فرانسس نے اسرائیل کے دورے میں 2014 میں استعمال کی تھی، اس دورے کے بعد پوپ فرانسس تو واپس ویٹی کن آگئے تھے لیکن ان کی گاڑی وہی رہ گئی تھی۔
اس گاڑی پر پوپ فرانسس نے اسرائیل کے مذہبی مقامات کا دورہ کیا تھا اس لیے اس گاڑی کی اہمیت بڑھ گئی اور اسے اسرائیل میں محفوظ کردیا گیا تھا۔