ٹرمپ انتظامیہ نے ہارورڈ یونیورسٹی کی اربوں ڈالر کی امداد روک دی

Published On 06 May,2025 07:32 pm

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) ٹرمپ انتظامیہ نے ہارورڈ یونیورسٹی کی اربوں ڈالر کی امداد روک دی۔

غیرملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق امریکی محکمہ تعلیم نے ہارورڈ یونیورسٹی کو اقدام سے باضابطہ آگاہ کردیا، تحقیق اور دیگر امور سے متعلق اربوں ڈالر کی امداد منجمد کی گئی۔

ٹرمپ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مطالبات پر عمل نہ ہوا تو امداد معطل رہے گی، اس سے قبل ٹرمپ انتظامیہ کے مطالبات ماننے سے انکار پر ہارورڈ یونیورسٹی کی وفاقی امداد منجمد کردی گئی تھی۔

ٹرمپ انتظامیہ نے ہارورڈ یونیورسٹی کی وفاقی مالی امداد اس وقت تک معطل کر دی ہے جب تک کہ یونیورسٹی امریکی حکومت کے تمام مطالبات تسلیم نہیں کرتی، امریکی محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری کیے گئے ایک سخت لہجے والے خط میں واضح کیا گیا ہے کہ ہارورڈ کو اب کسی قسم کی تحقیقاتی گرانٹس یا دیگر وفاقی امداد فراہم نہیں کی جائے گی۔

یہ خط وزیر تعلیم لنڈا مک میہن نے یونیورسٹی کے صدر ڈاکٹر ایلن گاربر کو ارسال کیا، جسے سوشل میڈیا پر بھی شیئر کیا گیا، خط میں کہا گیا، ”یہ خط آپ کو آگاہ کرنے کے لیے ہے کہ ہارورڈ اب وفاقی حکومت سے کوئی گرانٹ حاصل نہ کرے، کیونکہ ایسی کوئی امداد فراہم نہیں کی جائے گی۔“

یہ فیصلہ اس وقت سامنے آیا جب ہارورڈ نے ٹرمپ انتظامیہ کی (یہودی دشمنی کے خلاف) ٹاسک فورس کے متعدد مطالبات کو ماننے سے انکار کر دیا، ان مطالبات کی بنیاد ہارورڈ کیمپس میں اسرائیل کے غزہ پر حملوں کے خلاف ہونے والے احتجاجات بنے، جنہیں انتظامیہ نے یہودی مخالف قرار دیا۔