غزہ: (دنیا نیوز) غزہ کی پٹی میں جاری وحشیانہ اسرائیلی بمباری میں مزید 84 فلسطینی شہید ہو گئے۔
عرب میڈیا نے فلسطینی وزارتِ صحت کے حوالے سے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں اسرائیلی فورسز کے وحشیانہ حملوں میں 84 فلسطینی شہید ہوئے اور 125 دیگر زخمی ہوئے۔
اسرائیل کی جانب سے زخمیوں کو نکالنے والوں پر بھی بمباری کی گئی، بم حملوں کے باعث ہسپتال کے قریب کھڑی بس زمین میں دھنس گئی۔
ترجمان اسرائیلی فوج کے مطابق خان یونس میں حملے میں حماس کے رہنماؤں کو نشانہ بنایا گیا ، حماس رہنما ہسپتال کے نیچے زیر زمین کمانڈ اینڈ کنٹرول کمپلیکس میں تھے۔
فلسطینی وزارتِ صحت کے مطابق غزہ میں اسرائیلی فورسز کی بربریت کے نتیجے میں اب تک 52 ہزار 928 فلسطینی شہید اور 1 لاکھ 19 ہزار 846 زخمی ہو گئے۔