صہیونی حکومت خطے میں فساد کی جڑ، اکھاڑ پھینکی جائے گی: خامنہ ای

Published On 18 May,2025 09:39 am

تہران : (ویب ڈیسک) ایران کے رہبر اعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای نے کہا ہے کہ اس خطے میں جنگ اور فساد کی جڑ صہیونی حکومت ہے جسے اکھاڑ پھینکا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کا خطے میں امن کی بات کرنے والا بیان جھوٹ پر مبنی ہے، امریکا اپنی طاقت کا استعمال کرتا ہے تاکہ صیہونی (اسرائیلی) حکومت کو 10 ٹن وزنی بم دیے جا سکیں جو وہ غزہ کے بچوں کے سروں پر گرا سکے۔

ٹرمپ نے متحدہ عرب امارات سے روانگی کے وقت کہا تھا کہ ایران کو اپنے جوہری پروگرام کے بارے میں امریکی تجویز پر جلد عمل کرنا ہوگا ورنہ کچھ برا ہونے والا ہے۔

خامنہ ای نے کہا کہ ٹرمپ کے ریمارکس اتنے بے وقعت ہیں کہ ان کا جواب دینا بھی مناسب نہیں، اس طرح کی باتیں امریکی عوام کے لیے شرمندگی کا باعث ہیں۔

تہران میں ایک مذہبی مرکز میں خامنہ ای نے کہا کہ بلاشبہ اس خطے میں فساد، جنگ اور تنازع کی جڑ صیہونی حکومت ہے، ایک خطرناک، مہلک اور کینسر جیسا ٹیومر ہے جسے جڑ سے اکھاڑ پھینکنا ہوگا، اور اسے اکھاڑا جائے گا۔

اس سے قبل ایرانی صدر مسعود پزشکیاں نے بحریہ کی ایک تقریب میں کہا تھا کہ ٹرمپ ایک طرف امن کی بات کرتے ہیں اور دوسری طرف دھمکیاں دیتے ہیں، ہم کس بات پر یقین کریں؟