اسرائیلی فورسز کی غزہ میں امداد کی بندش اور بربریت جاری، 82 فلسطینی شہید

Published On 21 May,2025 06:58 pm

غزہ: (دنیا نیوز) اسرائیلی فورسز کی جانب سے غزہ میں امداد کی بندش اور بربریت جاری، پانی کی بوند بوند کو ترستے اور ایک لقمے کیلئے جہدوجہد کرتے فلسطینیوں پر حملے نہ رکے۔

وزارت صحت کے مطابق 24 گھنٹے کے دوران اسرائیلی حملوں میں 82 فلسطینی شہید، 262 زخمی ہوئے۔

غزہ حکام کے مطابق اسرائیلی ناکہ بندی کو 2 ماہ سے زائد گزر گئے، خوراک کا ایک ٹرک بھی غزہ کی حدود میں داخل نہ ہوسکا، بھوک کی وجہ سے 2 مارچ سے اب تک 326 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔

عرب میڈیا کے مطابق غزہ پر اسرائیل کی جنگ میں اب تک 53 ہزار 655 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں، 7 اکتوبر 2023 سے اسرائیلی حملوں میں 1 لاکھ 21 ہزار 950 افراد زخمی بھی ہوئے۔

اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ 48 گھنٹے کے اندر 14 ہزار بچوں کی موت کا خطرہ ہے، اسرائیلی پابندیوں کی وجہ سے غزہ میں کوئی امداد تقسیم نہیں کی گئی۔