ڈھاکہ: (دنیا نیوز) بنگلا دیش کی سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد پر فرد جرم عائد کر دی گئی۔
سابق بنگلا دیشی وزیراعظم اور دیگر کیخلاف انٹرنیشنل کرائمز ٹریبونل میں سماعت کو براہ راست نشر کیا گیا۔
بنگلا دیشی میڈیا کے مطابق عدالت نے سابق بنگلا دیشی وزیراعظم شیخ حسینہ واجد پر فرد جرم عائد کر دی، انٹرنیشنل کرائمز ٹریبونل میں فرد جرم پڑھ کر سنائی گئی، سابق وزیر داخلہ اور پولیس آئی جی کو بھی شریک مجرم قرار دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ شیخ حسینہ واجد کے خلاف انسانیت کے خلاف جرائم کا مقدمہ درج تھا۔
واضح رہے کہ سابق وزیراعظم حسینہ واجد کی حکومت کا گزشتہ سال بھرپور عوامی احتجاج کے بعد خاتمہ کر دیا گیا تھا، شيخ حسینہ واجد تقریباً 21 برس بنگلا دیش کی وزیراعظم رہیں، وہ 16 برس سے مسلسل وزیراعظم کے عہدے پر فائز تھیں۔
بنگلا دیش میں جماعت اسلامی کی رجسٹریشن بحال
دوسری جانب بنگلا دیش نے جماعت اسلامی کی رجسٹریشن بحال کر دی، یہ فیصلہ ایک دہائی سے زائد عرصے بعد سامنے آیا ہے، جب اس کی رجسٹریشن سابق حکومت نے منسوخ کر دی تھی۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق بنگلا دیش کی سپریم کورٹ نے جماعتِ اسلامی کی رجسٹریشن کی منسوخی کو کالعدم قرار دے دیا، جس سے اب وہ الیکشن کمیشن میں باضابطہ طور پر ایک سیاسی جماعت کے طور پر درج ہو سکے گی۔
الیکشن کمیشن کے وکیل توحید الاسلام نے بتایا کہ الیکشن کمیشن کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس جماعت کی رجسٹریشن سے متعلق معاملات کو قانون کے مطابق نمٹائے۔
جماعت اسلامی کے وکیل نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے سے ملک میں جمہوری، جامع اور کثیر الجماعتی نظام کو فروغ ملے گا، ہم امید کرتے ہیں کہ بنگلا دیشی عوام، چاہے ان کی نسلی یا مذہبی شناخت کچھ بھی ہو، جماعت کو ووٹ دیں گے اور پارلیمنٹ تعمیری بحث و مباحثے سے بھرپور ہوگی۔