شنگھائی تعاون تنظیم کی اسرائیل کی مذمت، بھارت کا ایران کی حمایت سے انکار

Published On 15 June,2025 10:09 am

بیجنگ : (ویب ڈیسک) شنگھائی تعاون تنظیم نے ایران کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے اسرائیلی کارروائی کی شدید مذمت کر دی، بھارت نے خود کو تنظیم کے اجتماعی مؤقف سے علیحدہ کر کے ایران کی حمایت سے انکار کر دیا۔

شنگھائی تعاون تنظیم کے جاری کردہ اعلامیے میں اسرائیلی حملے کو اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا گیا، واضح طور پر کہا گیا کہ ایران کی خودمختاری پر حملہ عالمی اور علاقائی امن کے لیے خطرہ ہے جبکہ عام شہریوں کی ہلاکت اور انفراسٹرکچر کو نشانہ بنائے جانے پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔

اقتصادی فورم نے سیاسی و سفارتی حل کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے عسکری کارروائیوں کی بھرپور مخالفت کی۔

شنگھائی تعاون تنظیم کا رکن بھارت اس اجتماعی اعلامیے کا حصہ نہیں بن سکا، بھارت نے ایک الگ، مبہم اور نرم لہجے میں بیان جاری کیا جس میں نہ تو اسرائیلی جارحیت کی مذمت کی گئی اور نہ ہی ایران کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔

یہ روش اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ بھارت اپنی خارجہ پالیسی کو اصولوں نہیں بلکہ موقع پرستی، اسلحہ سودوں اور علاقائی سیاسی مفادات کی بنیاد پر ترتیب دیتا ہے۔

سفارتی مبصرین کے مطابق بھارت کا یہ مؤقف شنگھائی تعاون تنظیم کے بنیادی اصولوں سے انحراف کے مترادف ہے، جو اقوام متحدہ کے چارٹر، ریاستی خودمختاری کے احترام اور علاقائی یکجہتی پر زور دیتا ہے، اگر بھارت ان اصولوں کا احترام نہیں کرتا، تو اس کی رکنیت پر بھی سوال اٹھتے ہیں۔