تہران : (ویب ڈیسک) ایران نے مغربی ممالک کو خبردار کیا ہے کہ اگر برطانیہ، فرانس اور جرمنی کی جانب سے بے بنیاد الزامات کا سلسلہ جاری رہا تو وہ این پی ٹی سے الگ ہوجائے گا۔
اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب سعید ایراوانی نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں خط جمع کرایا ہے جس میں واضح کیا گیا ہے کہ برطانیہ، فرانس اور جرمنی بے بنیاد الزامات لگا رہے ہیں۔
خط کے مطابق اگر یہ تینوں ممالک ایران پر پابندیاں بحال کرنے کی کوششوں میں مصروف رہے تو ایران ایٹمی عدم پھیلاؤ کے معاہدے این پی ٹی سے دستبردار ہوجائے گا۔
خط میں کہا گیا ہے کہ مغربی اقدامات کا متناسب جواب دیا جائے گا اور آرٹیکل دس کے تحت این پی ٹی سے علیحدگی اختیار کرنے کا عمل شروع کردیا جائے گا۔
یاد رہے کہ ایران امریکا جوہری مذاکرات کا چھٹا دور منسوخ ہو گیا ہے جس کی عمان نے منسوخی کی تصدیق کر دی۔
عمانی وزیر خارجہ نے کہا کہ ایران اور امریکا جوہری مذاکرات مسقط میں ہونا تھے جو اب نہیں ہو گے، سفارت کاری اور بات چیت ہی خطے میں پائیدار امن کا واحد راستہ ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل ایران نے امریکا کے ساتھ اتوار کو شیڈول مذاکرات میں شمولیت نہ کر نے کا فیصلہ کیا تھا، ترجمان ایرانی وزارت خارجہ نے کہا تھا کہ اسرائیلی حملوں کے دوران امریکا کے ساتھ مذاکرات کرنا بے معنی ہیں۔
ترجمان ایرانی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ اسرائیل کے وحشیانہ رویے کے ساتھ مذاکرات جاری رکھنے کا کوئی فائدہ نہیں، جوہری پروگرام کے حوالے سے ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات اتوار کو عمان میں شیڈول تھے۔