واشنگٹن : (دنیا نیوز) ایران کے اسرائیل پر پے در پے حملوں کے بعد امریکا نے یوکرین سے بعض میزائل دفاعی نظام مشرق وسطیٰ منتقل کردیے۔
امریکی ٹی وی کو انٹرویو میں امریکی وزیردفاع پیٹ ہیگسیتھ نے تصدیق کی کہ ان سے بار بار پوچھا جارہا ہے کہ آیا آپ نے بعض ڈرون ڈیفنس نظام یوکرین سے مشرق وسطیٰ منتقل کیے ہیں تو میرا جواب ہاں میں ہے۔
پیٹ ہیگسیتھ کا کہنا تھا کہ ہم اپنے تمام تروسائل استعمال کررہے ہیں تاکہ اس خطے میں اپنے لوگوں کو بچائیں۔
یوکرین کے صدر زیلنسکی نے شکوہ کیا کہ امریکہ روس کے خلاف استعمال کے لیے یوکرین بھیجے جانے والے 20 ہزار میزائل مشرق وسطیٰ بھیج دیے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز امریکی ٹی وی نے دعویٰ کیا تھا کہ مشرق وسطیٰ کے ممالک نے بھی ایران کا حملہ روکنے میں اسرائیل کی مدد کی ہے۔
اس کے علاوہ امریکا کے معروف صحافی ٹکر کارلسن نے دعویٰ کیا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران پر اسرائیل کے حملوں سے پیشگی آگاہ تھے، امریکا نہ صرف اس حملے سے واقف تھا بلکہ اس نے حملے میں اسرائیل کی مدد کی، جو کچھ اس وقت ہورہا ہے اس میں امریکا شامل ہے، امریکا گردن تک اس میں دھنسا ہوا ہے۔