صدر یورپین کمیشن کا نیتن یاہو کو فون، مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر اظہار تشویش

Published On 16 June,2025 05:21 am

برسلز: (دنیا نیوز) یورپین کمیشن کی صدر نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔

ارسولاوان ڈیرلیین نے مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا، انہوں نے کہا کہ امن اور استحکام کی خاطر سفارت کاری سے کشیدگی کم کرنے کیلئے پر عزم ہیں۔

صدر یورپین کمیشن کا کہنا تھاکہ یورپی یونین کا مؤقف واضح ہے کہ ایران جوہری ہتھیار نہیں رکھ سکتا، مسائل کے حل کیلئے فوری بات چیت کی ضرورت ہے۔

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کو یونانی وزیراعظم کا فون

واضح رہے کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کو بھی یونانی وزیراعظم نے فون کیا اور ایران اسرائیل جنگ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور یونانی وزیراعظم کے درمیان گفتگو کے دوران خطے میں کشیدگی کم کرنے اور تحمل کا مظاہر کرنے پر اتفاق ہوا تھا، دونوں رہنماؤں نے تمام تنازعات کو سفارتی ذرائع سے حل کرنے کی اہمیت پر زور دیا تھا۔

امریکا اسرائیلی حملوں میں براہ راست ملوث، سخت جواب دیں گے: ایرانی صدر کا اعلان

ایرانی صدر نے کہا کہ امریکا اسرائیلی حملوں میں براہ راست ملوث ہے، انہوں نے اعلان کیاکہ ایران سخت جواب دے گا۔

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نےایرانی کابینہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل امریکی رضا مندی کے بغیر حملہ نہیں کر سکتا، ایران جنگ کا خواہاں نہیں، اسرائیلی حملے جاری رہے تو اس کا بھر پور جواب دیں گے۔

مسعودپزشکیان نے عراقی وزیر اعظم سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، خطے کی کشیدہ صورتحال پر گفتگو کی، ایران کا عراق سے اسرائیلی حملوں کیلئے عراقی فضائی حدود کا استعمال روکنے کا مطالبہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے عراقی فضائی حدود استعمال کرتے ہوئے ایران پر حملہ کیا، عراق اپنی فضائی حدود کی حفاظت کرے۔

اسرائیل کی تخریب کاری کی سازش ناکام، ایران میں موساد کے2 ایجنٹ گرفتار

اسرائیل کی تخریب کاری کی سازش ناکام، ، ایران میں موساد کے 2 ایجنٹ گرفتار کر لئے گئے۔

ایرانی حکام کے مطابق دونوں افراد کو البرز صوبے سے دھماکا خیز مواد اور الیکٹرانک آلات تیار کرتے ہوئے پکڑا گیا۔

واضح رہے کہ اس سے پہلے عرب میڈیا کا کہنا تھا کہ یمنی حوثیوں نے بھی اسرائیل پر ڈرون اور میزائلوں سے حملہ کیا، حوثی حکام کے مطابق حملے میں ’’فلسطین 2 ہائپر سونک بیلسٹک میزائل‘‘استعمال کئے گئے، میزائل حملوں کا ہدف حساس اسرائیلی مقامات تھے۔

عراق کے پیرا ملٹری گروپ کتائب حزب اللہ نے بھی امریکا کو دھمکی دیتے ہوئے کہا تھا کہ امریکا نے ایران اسرائیل تنازع میں مداخلت کی تو خطے میں امریکی اڈوں کو نشانہ بنائیں گے، خطے میں امریکیوں کی فوجی نقل و حرکت پر گہری نظر ہے۔