یورپ کے دل برسلز میں 130 تنظیموں کا فلسطینی عوام کیلئے مظاہرہ

Published On 16 June,2025 09:10 am

برسلز : (ویب ڈیسک) یورپی دارالحکومت برسلز میں 130 تنظیموں نے فلسطینی عوام کے حق اور اسرائیل کی مذمت میں ایک بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا جس میں بوڑھوں، بچوں اور معذوروں سمیت ایک لاکھ سے زیادہ افراد نے شرکت کی۔

منتظمین نے اس مظاہرے کو ریڈ لائن کا نام دیا تھا جس میں شرکاء سے اپیل کی گئی تھی کہ وہ لباس کا کچھ حصہ یا اپنے ساتھ کوئی سرخ رنگ کا کپڑا ضرور لے کر آئیں۔

اس مظاہرے کو ریڈ لائن کا نام دینے کا مقصد عوام کی جانب سے یورپین حکومتوں کی بے حسی کو اجاگر کرکے یہ بتانا بھی تھا کہ اسرائیل کی جانب سے غزہ کے فلسطینیوں پر یکطرفہ طور پر مسلط کی جانے والی تباہی کے خلاف اب عوام کی سرخ لائن آچکی ہے۔

یہ مظاہرہ نارڈ سٹیشن سے شروع ہوا اور مختلف راستوں سے ہوتا ہوا یورپین ہیڈ کوارٹرز پر جا کر اختتام پذیر ہو گیا، مظاہرے کے آغاز میں بیلجیئم کے معروف فنکاروں نے فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنے کیلئے نہ صرف پیغامات دیے بلکہ اپنے فن کا مظاہرہ بھی کیا۔

مظاہرے کی ابتدا میں موجود بینر پر تحریر تھا کہ جب تک سیاستدان اپنی لائن نہیں کھینچتے ہم عوام غزہ کے لوگوں کیلئے اپنی ریڈ لائن کھینچ رہے ہیں۔

سارے راستے مظاہرے کے شرکاء اسرائیل کی مذمت میں مختلف نعرے لگاتے رہے جبکہ امریکی سفارتخانے کے قریب سے گزرتے ہوئے انہوں نے شیم آن امریکہ اور شیم آن یو کے نعرے بھی بلند کیے۔

مقررین نے مطالبہ کیا کہ یورپی حکومتیں اسرائیل کے خلاف اپنی خاموشی کو ختم کریں اور اسرائیل پر پابندیاں عائد کریں۔