تہران میں بڑی کارروائی کرنے جارہے ہیں: اسرائیلی وزیراعظم

Published On 16 June,2025 08:48 pm

تل ابیب: (ویب ڈیسک) اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ تہران میں بڑی کارروائی کرنے جارہے ہیں۔

عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے جنگی طیاروں کا تہران کی فضاؤں پر راج ہے، اسرائیل تہران میں 2 اہم اہداف کا خاتمہ کرنے جارہا ہے، ہماری کارروائی بڑی ہوگی۔

نیتن یاہو نے مزید کہا کہ ایران کا جوہری اور میزائل پروگرام اسرائیل کے لیے مسلسل خطرہ ہے، اس سے قبل اسرائیل کے قومی سلامتی کے مشیر تزاھی بانیگبی نے اعتراف کیا کہ ہم ایران پر حملے کے مقاصد حاصل نہیں کرپائے ہیں، یہ جنگ ایرانی خطرے کا خاتمہ نہیں کرسکے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایران کے پاس اب بھی ہزاروں بیلسٹک میزائل ہیں، حالیہ حملے کا مقصد ایران پر جوہری پروگرام ختم کرنے کے لیے دباؤ ڈالنا تھا۔

گزشتہ روز یہ خبر بھی سامنے آئی کہ اسرائیل وزیراعظم نیتن یاہو نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سامنے ایرانی سپریم لیڈر آیت اللّٰہ علی خامنہ ای کو قتل کا منصوبہ پیش کیا تھا۔

امریکی عہدیدار نے برطانوی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ امریکی صدر ٹرمپ نے ایرانی سپریم لیڈر کے قتل کا اسرائیلی منصوبہ رد کردیا تھا۔