تہران: (دنیا نیوز) ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہاکہ ایران بات چیت کے ذریعے تنازعات کے حل کا حامی ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ سنجیدہ اور جنگ روکنا چاہتے ہیں تو اگلے اقدامات نتیجہ خیز ہوں گے، ٹرمپ سفارتکاری کے حامی ہیں تو اب اہم فیصلوں کا وقت آگیا ہے، امریکا کی صرف فون کال نیتن یاہو کو خاموش کرا سکتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نیتن یاہو کو لگام دی جائے تو بات چیت کی راہ ہموار ہو سکتی ہے، جنگی مجرم تل ابیب کے بنکرز میں چھپے بیٹھے ہیں انہیں نہیں چھوڑیں گے، ہماری عوام پر اسرائیلی حملے رکنے تک جنگی مجرموں پر حملے جاری رکھیں گے۔
ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ اسرائیل کو حملے روکنا ہوں گے ورنہ جوابی کارروائیاں جاری رہیں گی۔
پاکستان کے دوٹوک، واضح موقف اور حمایت پر ایرانی قیادت کا اظہار تشکر
پاکستان کے دوٹوک، واضح موقف اور حمایت پر ایرانی قیادت نے اظہار تشکر کیا اور زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔
ایرانی صدر کے خطاب کے بعد پارلیمنٹ میں ’شکریہ پاکستان‘ کے نعرے، ایران کی مجلس شوریٰ میں پاکستان کے حق میں زبردست نعرے بازی کی گئی۔
ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ پاکستانی عوام اور پارلیمنٹ ایران کے ساتھ کھڑے ہیں، پاکستانی پارلیمنٹ نے ایران کے خلاف اسرائیلی اقدام کو گھناؤنا قرار دیا۔
پزشکیان کا کہنا تھا کہ پاکستانی پارلیمنٹ نے کہا جہاں ضرورت پڑی ایران کا بھرپورساتھ دیں گے، انہوں نے اقوام متحدہ میں پاکستان کی جانب سے حمایت پر بھی اظہار تشکر کیا گیا۔
اسرائیل کا 2ایرانی ایف 14 اور ایران کا ایک اور اسرائیلی ایف 35 مار گرانے کا دعویٰ
اسرائیل نے 2 ایرانی ایف 14 اور ایران نے ایک اور اسرائیلی ایف 35 مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے۔
اسرائیلی فوج کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ انہوں نے تہران کے ہوائی اڈے پر 2 ایرانی ایف 14 طیارے تباہ کئے ہیں ۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق ایران نے میزائل داغے ان میں سے ایک کو روک لیا، 2 حدود سے باہر گرے ہیں۔
دوسری طرف ایرانی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ ایرانی فوج نے تبریز میں ایک اور اسرائیلی ایف 35 طیارہ مار گرایا۔
ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ ایران اسرائیل پر تاریخ کے بڑے اور شدید ترین حملوں کی تیاری کر رہا ہے۔
ایرانی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کی جانب سے کہا گیا ہے کہ آج اسرائیل میں رات کو دن بنا دیں گے۔