وزیراعظم سے ایرانی سفیر کی ملاقات، اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کی

Published On 17 June,2025 02:46 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم محمد شہبازشریف سے ایران کے سفیر رضا امیر مقدم نے ملاقات کی، ایران پر حالیہ اسرائیلی جارحیت پر پاکستان کی جانب سے مذمت کی۔

وزیراعظم محمد شہبازشریف نے ایران اور اس کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا، ملاقات میں خطے کے حالیہ منظر نامے پر تبادلہ خیال کیا گیا، محمد شہبازشریف نے معصوم لوگوں کی شہادتوں پر پوری قوم کی ایران کے ساتھ ہمدردی کے جذبات کو دہرایا۔

وزیر اعظم نے ایرانی صدر کے ساتھ اپنی ٹیلیفونک گفتگو کا حوالہ دیا، محمد شہبازشریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ایران کی حمایت کی، اسرائیلی حملے اقوام متحدہ چارٹر اور عالمی قوانین کی مکمل خلاف ورزی ہیں۔

واضح رہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف اور ایرانی سفیر کی ملاقات انٹرنیشنل میری ٹائم ایکسپو اینڈ کانفرنس کے موقع پر ہوئی۔