تل ابیب: (دنیا نیوز) اسرائیلی وزیراعظم نے پھر دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کے سپریم لیڈر کو مارنے سے ہی تنازع ختم ہوگا۔
اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے کہا کہ ایرانی سپریم لیڈر پر حملے کو خارج از امکان قرار نہیں دے سکتے، ایران مشرق وسطیٰ میں دہشت پھیلا رہا ہے، ہم وہی کررہے ہیں جو ضروری ہے، ایران خطے کو جوہری جنگ کی دہلیز پر لے آیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: تہران میں بڑی کارروائی کرنے جارہے ہیں: اسرائیلی وزیراعظم
نیتن یاہو کا مزید کہنا تھا کہ ایران مستقل جنگ چاہتا ہے ہم اس کا خاتمہ کر رہے ہیں۔
ایران کی اسرائیل پر میزائلوں کی بارش، دفاعی نظام ناکام، شہر شہر دھماکے، بجلی بند
ایران نے اسرائیل پر ایک اور بڑا حملہ کر دیا، 100 کے قریب بیلسٹک میزائل داغ دیے، وسطی اسرائیل میں بجلی بند ہو گئی، حیفہ اندھیرے میں ڈوب گیا، تازہ حملے میں کم از کم 8اسرائیلی ہلاک اور 67 زخمی ہو گئے جبکہ اب تک 25 اسرائیلی ہلاک اور 450 زخمی ہو چکے ہیں، اسی طرح ایران کے 224 شہری شہید ہو چکے ہیں۔
اسرائیل کا ایران پر حملے کے مقاصد پورے نہ ہونے کا اعتراف
اسرائیلی قومی سلامتی کے مشیر نے اعتراف کیا ہے کہ ایران پر حملے کے مقاصد پورے نہیں ہوئے، موجودہ جنگ سے ایرانی خطرہ ختم نہیں ہو سکتا، ایران کے پاس اب بھی ہزاروں بیلسٹک میزائل موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایران ہزاروں میزائل اسرائیل پر داغنا چاہتا ہے، ٹرمپ ہی ایران کو جوہری پروگرام ترک کرنے پر مجبور کر سکتے ہیں۔
ایرانی میزائلوں سے تل ابیب میں امریکی سفارتخانہ متاثر
امریکی نمائندہ مائیک ہکبی نے بتایا ہے کہ تل ابیب میں واقع امریکی سفارتخانے کی ایک شاخ کو ایرانی میزائلوں کے قریبی دھماکوں کے باعث معمولی نقصان پہنچا ہے اگرچہ میزائل سفارتخانے کی عمارت سے براہ راست نہیں ٹکرائے تاہم دھماکوں سے پیدا دھچکوں سے سفارتخانہ متاثر ہوا ہے۔
مائیک ہکبی نے یہ بھی واضح کیا کہ اس واقعے میں کوئی امریکی اہلکار زخمی نہیں ہوا اور فی الحال یروشلم اور تل ابیب میں امریکی سفارتخانے اور قونصل خانے عارضی طور پر بند رکھے گئے ہیں۔
شہریوں کو محفوظ مقامات کی طرف منتقلی کی ہدایات
اسرائیل اور ایران کی حکومتوں نے اپنے اپنے شہریوں کے لیے نئی احتیاطی ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ محفوظ علاقوں کی طرف منتقل ہو جائیں، یہ اس بات کا اشارہ ہے کہ لڑائی میں مزید تیزی آئے گی، رات بھر اسرائیل اور ایران ایک دوسرے پر حملے کرتے رہے جس میں نقصانات کی متضاد اطلاعات آ رہی ہیں، اسرائیلی وزیر دفاع نے پھر دھمکی دی ہے کہ تہران میں رہنے والے جلد قیمت چکائیں گے جبکہ ایران نے اسرائیلی قابض افواج و آباد کاروں کو پیغام دیا ہے کہ وہ فلسطین کے مقبوضہ علاقوں سے نکل جائیں۔
ایرانی میزائل اسرائیلی کے دفاعی نظام سے بچتے ہوئے شہروں کے اندر تک گئے اور کئی عمارتوں سے ٹکرائے، اسرائیل کے متعدد شہر دھماکوں سے گونج اٹھے، مقبوضہ بیت المقدس میں بھی میزائل گرے، اسرائیل کا شہر حیفہ دھماکوں سے گونج اٹھا، حیفہ پاور پلانٹ میں ایرانی میزائل حملے کے بعد آگ بھڑک اٹھی، ایران نے ایلات پر بھی میزائل داغے، تل ابیب میں بھی درجنوں میزائل داغے گئے۔
اسرائیلی ایمرجنسی سروسز کے مطابق شمالی اور وسطی اسرائیل میں میزائل اور ان کے ٹکڑے گرنے سے کم از کم 67 افراد زخمی ہو گئے۔
ایرانی فوج نے کہا ہے کہ اسرائیل کا کوئی کونا رہنے کے قابل نہیں چھوڑیں گے، اسرائیلی آبادکار مقبوضہ علاقے فوری خالی کردیں۔
اسرائیل نے ایران پر تازہ حملے کئے جس کے بعد ایران نے بھی بھرپور جوابی وار کئے، اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا کہ وسطی ایران میں میزائل سائٹس پر حملے کررہے ہیں، ایران نے بھی بھر پور جوابی وار کرتے ہوئے اسرائیل کے متعدد مقامات پر تازہ حملے کئے، حیفہ میں ایرانی میزائل حملے سے متعدد عمارتیں زمین بوس ہوگئیں۔
اسرائیل نے ایرانی وزارت داخلہ اور تہران کے اہم اضلاع پر میزائل حملے کئے ، دو بڑے اسرائیلی پروجیکٹائل نے تہران کے وسطی علاقے کو نشانہ بنایا، جس سے مین واٹر پائپ لائن کو شدید نقصان پہنچا۔
ایران کے حملوں سے تل ابیب میں متعدد عمارتوں کو نقصان پہنچا جس میں 15افراد زخمی ہوگئے، ایران نے اسرائیل کے بن گورین ایئر پورٹ پر میزائل حملے کا دعویٰ کیا ہے، ایک میزائل نے وزیراعظم نیتن یاہو کے آبائی گھر کو بھی نشانہ بنایا۔
اسرائیلی حکومت نے ملک بھر میں ہنگامی صورتحال میں 30 جون تک توسیع کر دی، اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے تل ابیب میں تباہ حال علاقوں کا دورہ کیا۔
اسرائیل کا ایرانی وزارتِ خارجہ کی عمارت پر حملہ، کئی شہری زخمی
ایران نے بتایا ہے کہ اسرائیل نے ایرانی وزارتِ خارجہ کی عمارت پر جان بوجھ کر حملہ کیا ہے جس میں کئی شہری زخمی ہوئے ہیں۔
ایران نے کہا ہے کہ اس نے تہران میں واقع وزارتِ خارجہ کی ایک عمارت کو جان بوجھ کر اور سفاکانہ انداز میں نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں کئی عام شہری زخمی ہو گئے۔
ایرانی نائب وزیر خارجہ سعید خطیب زادہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک حملے کی ویڈیوجاری کی اور ساتھ لکھا کہ صہیونی حکومت نے ایران کی وزارت خارجہ کی ایک عمارت پر ایک منصوبہ بند اور سفاکانہ حملہ کیا ہے جو انسٹیٹیوٹ فار پولیٹیکل اینڈ انٹرنیشنل اسٹڈیز کے بالکل سامنے واقع ہے۔
اسرائیل کا مشہد پر حملہ، 80 اہداف کو نشانہ بنانے کا دعویٰ
اسرائیل نے ایران کے شہر مشہد پر حملہ کردیا جس میں ری فیولنگ جہاز کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
اسرائیلی فوج کے تازہ حملے کے بعد مشہد میں امام علی رضا کے روضے کے عقب سے دھویں کے بادل اٹھتے دکھائی دیے۔
اسرائیلی فوج نے ایران کے ری فیولنگ ہوائی جہاز کو نشانہ بنانے کے علاوہ ایران کی جوہری تنصیبات، ایندھن کے ذخائر اور تہران میں دفاعی ہیڈکوارٹر کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا تھا۔
اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے درجنوں جنگی طیاروں نے ایران میں 80 اہداف کو نشانہ بنایا۔