آج بھی پیغام ہے ایران غیر مشروط سرینڈر کردے: ڈونلڈ ٹرمپ

Published On 18 June,2025 07:14 pm

واشنگٹن:(دنیا نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ آج بھی ایران کو پیغام ہے کہ وہ غیر مشروط سرینڈر کردے۔

واشنگٹن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایرانی 40سال سے امریکہ مردہ باد اور اسرائیل مردہ باد کے نعرے لگارہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ واضح کرنا چاہتا ہوں ایران کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا،مجھے نہیں پتا یہ معاملات کتنے دیر چلیں گے ، لیکن ایران کی نیت اچھی نہیں ہے ، آج بھی ایران کو پیغام دیا ہےکہ غیرمشروط طور پر سرنڈر کرنا ہوگا۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ایران کو کئی بار کہا کہ جوہری معاہدہ کرنا بہت ضروری ہے،آج ایران بات چیت کرنا چاہ رہا ہے لیکن اس سے پہلے بات کیوں نہیں کی۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے  کہا کہ ایران کا دفاع ناکام ہوچکا ہے ، ان کے پاس فضائی دفاع نہیں ہے، ایرانی حکام وائٹ ہاؤس آنا چاہتے ہیں ، ہم نے ایران کو 60 دن کا وقت دیا تھا، ہم نے ایران کی دفاعی صلاحتیں ختم کردی ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اس کشیدگی کے حوالے سے ہم دیکھیں گے کہ کیا ہوا ہے ، ابھی کچھ نہیں ہوا، میں پاکستان کو پسند کرتا ہوں، پاکستان اہم اٹیمی طاقت ہے۔