فیلڈ مارشل عاصم منیر اور امریکی صدر کی وائٹ ہاؤس میں ملاقات ختم

Published On 18 June,2025 05:42 pm

واشنگٹن :(دنیا نیوز) فیلڈ مارشل سید عاصم منیر وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور کابینہ سے اہم اور تاریخی ملاقات ختم ہو گئی، وہ وائٹ ہاؤس سے روانہ ہو گئے۔

ذرائع نے بتایا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے اعزاز میں ظہرانہ دیا گیا، ان کا یہ تاریخی دورہ پاک امریکہ تعلقات اور عالمی سطح پر پاکستان کی عسکری قیادت کی پہچان کی عکاسی کا مظہر ہے،یہ ملاقات علاقائی اور عالمی استحکام میں کلیدی شراکت دار کے طور پر پاکستان کی عسکری قیادت پر بڑھتے ہوئے اعتماد اور اہمیت کی نشاندہی کرتی ہے۔

علاوہ ازیں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو کسی بھی بھارتی وفد سے پہلے وائٹ ہاؤس میں مدعو کرنا امریکی خارجہ پالیسی میں پاکستان کی سٹریٹجک ترجیح کا واضح اشارہ ہے، امریکی صدر سے فیلڈ مارشل  کی ملاقات اس بات کی غمازی ہے کہ امریکہ علاقائی استحکام کو برقرار رکھنے میں پاکستان کے کردار سے بخوبی واقف ہے۔

باوثوق ذرائع نے مزید بتایا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا دورہ امریکا اور صدر ٹرمپ سے ملاقات پاکستان کا جنوبی ایشیا میں کردار واضح کرتا ہے۔

قبل ازیں امریکی صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ میں پاکستان کو بہت پسند کرتا ہوں جو اہم اٹیمی طاقت ہے اور پاکستان کے آرمی چیف اپنے ملک کی ایک بااثر شخصیت ہیں اور انہوں نے پاکستان کی طرف سے جنگ بندی میں اہم کردار ادا کیا ہے ۔

دوسری جانب برطانوی خبررساں ایجنسی کی رپورٹ  کے مطابق  فیلڈ مارشل عاصم منیر اور امریکی صدر کے درمیان غیر معمولی ملاقات بھارت کو پریشان کرسکتی ہے جب کہ بھارتی سیکرٹری خارجہ  نےٹرمپ کو کہا ہے کہ پاکستان سےتنازع پربھارت تیسرے فریق کی ثالثی قبول نہیں کرتا  اور نہ کرے گا۔