ایران کی اپنے شہریوں سے واٹس ایپ ڈیلیٹ کرنے کی اپیل

Published On 18 June,2025 12:05 pm

تہران: (ویب ڈیسک) ایران نے اپنے شہریوں سے دنیا کی سب سے بڑی میسجنگ ایپ واٹس کو ڈیلیٹ کرنے کی اپیل کر دی۔

ایران نے عوام پر زور دیا کہ وہ اپنے سمارٹ فونز سے واٹس ایپ کو ہٹا دیں، واٹس ایپ کے ذریعے شہریوں کی معلومات اکٹھی کر کے اسرائیل کو بھجوائے جانے کا خدشہ ہے تاہم اس الزام کے حق میں کوئی واضح ثبوت پیش نہیں کیا گیا۔

دوسری جانب واٹس ایپ نے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں تشویش ہے کہ یہ غلط اطلاعات ہماری سروس کو بند کرنے کے لیے بہانہ ہیں، واٹس ایپ اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کا استعمال کرتی ہے جس سے پیغام صرف بھیجنے والے اور وصول کرنے والے کے درمیان رہتا ہے اور کوئی تیسرا فریق اس پیغام کو پڑھ نہیں سکتا۔

واضح رہے کہ ایران میں سوشل میڈیا ایپس پر ماضی میں بھی پابندی عائد کی گئی تھی، واٹس ایپ اور گوگل پلے کو 2022 میں اس وقت بند کر دیا گیا تھا جب ایک نوجوان خاتون کی پولیس حراست میں موت کے بعد ملک بھر میں مظاہرے ہوئے تھے تاہم 2023 کے آخر میں ان تک رسائی بحال کر دی گئی تھی۔