چینی وزیر خارجہ کا مصری اور عمانی ہم منصبوں سے رابطہ، ایران، اسرائیل جنگ پر گفتگو

Published On 19 June,2025 06:52 am

بیجنگ: (دنیا نیوز) چینی وزیر خارجہ کا مصری اور عمانی ہم منصبوں سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔

چینی وزیر خارجہ نے مصری اور عمانی ہم منصبوں سے رابطے میں ایران، اسرائیل جنگ پر تفصیلی بات چیت کی، چینی وزیر خارجہ نے مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر تشویش کا اظہارکیا۔

چینی وزیر خارجہ وانگ یی کا مزید کہنا تھا کہ امن اور سلامتی کے لئے چین پر امن کوششیں جاری رکھے گا۔

 اسرائیل کی سلامتی کے ساتھ ایرانی مفادات کو بھی یقینی بنانا ہوگا: روسی صدر

روسی صدر پیوٹن نے کہاکہ اسرائیل کی سلامتی کے ساتھ ایرانی مفادات کو بھی یقینی بنانا ہوگا، ایران تنازع پر اسرائیل اور ڈونلڈ ٹرمپ سے رابطے میں ہوں۔

روسی صدر پیوٹن نے کابینہ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کی سلامتی کے ساتھ ایرانی مفادات کو بھی یقینی بنانا ہوگا، جوہری توانائی میں ایرانی مفادات کو یقینی بنایا جا سکتا ہے، پہلی بات یہ ہے کہ فیصلہ ایران اور اسرائیل کو کرنا چاہئے۔

پیوٹن نے کہا کہ اسرائیلی حملوں میں ایران کی زیر زمین تنصیبات کو نقصان نہیں پہنچا، ایران میں رجیم چینج آپریشن کے تباہ کن نتائج ہوں گے، روس نے ایران کو فوجی امداد دی ہے، روسی امداد کا حالیہ کشیدگی سے کوئی تعلق نہیں۔

ان کا کہنا تھاکہ روس کا ایران سے سٹریٹجک شراکت داری کا معاہدہ ہے فوجی تعاون کا نہیں، مذاکرا ت میں یوکرینی صدر زیلنسکی سے ملاقات ہو سکتی ہے، روس نیٹو اور یورپی ممالک پر حملے کا حامی نہیں، ٹرمپ سچ کہتے ہیں اگر وہ صدر ہوتے تو یوکرین سے جنگ نہ ہوتی۔

روسی صدر نے مزید کہاکہ روس یوکرین بات چیت 22جون کے بعد ہونے کا امکان ہے۔

روسی صدر کا یو اے ای کے ہم منصب سے رابطہ، ایران، اسرائیلی کشیدگی کے خاتمے پر اتفاق

روسی صدر پیوٹن نے متحدہ عرب امارات کے صدر سے ٹیلی فونک رابطہ کیا، دونوں رہنماؤں نے ایران،اسرائیل کشیدگی کے فوری خاتمے کی ضرورت پر اتفاق کیا، روسی صدر نے ایرانی جوہری مذاکرات میں ثالث کا کردار ادا کرنے پیش کش کی۔

روسی صدر نے اسرائیل اور مغربی ممالک کے تحفظات کے سفارتی حل کیلئے ثالثی کی پیشکش پر زور دیا، ترجمان روسی وزارت خارجہ نے کہا ایرانی جوہری تنصیبات پر اسرائیلی حملوں نے دنیا کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے۔

یورپی یونین ، فرانس اور برطانیہ کا مشترکہ بیان میں کہا کہ دنیا عالمی تباہی سے صرف ملی میٹرز کی دوری پر ہے، ایران اسرائیل کشیدگی کم کرنے کیلئے ثالثی کا کردارادا کرنے کیلئے تیار ہیں۔

جرمن وزیر خارجہ نے کہا ایران پر واضح کر دیا ہے مذاکرات کی میز پر آنے کیلئے ابھی بھی دیر نہیں ہوئی، ہم اب بھی جوہری پروگرام کے حل پر بات چیت کیلئے تیار ہیں، ایران کی نیت مخلصانہ ہے تو مذاکرات کی میز پر واپس آسکتا ہے۔

ایران کو اپنے دفاع کا پورا حق حاصل ہے، طیب اردوان

ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ ایران کو اپنے دفاع کا پورا حق حاصل ہے، ایران اسرائیل کی ریاستی دہشتگردی کے خلاف اپنے جائز دفاع میں مصروف ہے۔

صدر رجب طیب اردوان نے ترک پارلیمنٹ میں خطاب کے دوران مزید کہا کہ اسرائیلی حملوں میں سیکڑوں شہری شہید ہوئے، طبی کارکنوں، خبر ایجنسیوں اور رہائشی عمارتوں کو نشانہ بنایا گیا۔

انھوں نے کہا کہ اسرائیلی حملے ایسے وقت میں کیے گئے جب ایرانی جوہری مذاکرات جاری تھے، اس نے جوہری مذاکرت ختم ہونے یا ان کے نتائج کا انتظار کیے بغیر دہشت گردانہ اقدام کیا۔