واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی سینیٹر نے ٹرمپ انتظامیہ سے کلاسیفائیڈ بریفنگ کا مطالبہ کردیا۔
سینیٹر چک شومر کا کہنا ہے ٹرمپ انتظامیہ مشرق وسطیٰ میں امریکی افواج کی سکیورٹی پر خفیہ بریفنگ دے، ہمارے فوجی اہلکاروں کو محفوظ رکھنے کیلئے کیا اقدامات کئے گئے؟ ٹرمپ نے کانگریس کو بتائے بغیر ایران پر حملے کیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ قانون ٹرمپ انتظامیہ کو کانگریس سے مشاورت کا پابند بناتا ہے۔
جنگ بندی سے پہلے ایران کے حملے میں 6 اسرائیلی ہلاک، ایرانی سائنسدان شہید
جنگ بندی پر عملدرآمد سے پہلے ایران کے اسرائیل پر میزائل حملوں میں 6 اسرائیلی ہلاک اور 10 زخمی ہو گئے جبکہ اسرائیلی دہشت گردی میں ایک ایرانی ایٹمی سائنسدان شہید ہو گئے۔
اسرائیل کی ایمرجنسی میڈیکل سروسز کا کہنا ہے کہ ایرانی میزائل حملے میں ملک کے جنوبی حصے میں تین افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
ایمرجنسی سروس کا کہنا ہے کہ ہم نے حملے کے مقام سے دھواں اٹھتا دیکھا اور جب قریب پہنچے تو کئی عمارتوں کو شدید نقصان پہنچ چکا تھا۔
ایک عمارت کے باہر داخلی دروازے کے پاس ہمیں ایک بے ہوش شخص ملا، جب ہم اندر داخل ہوئے تو وہاں ایک مرد اور خاتون بے ہوشی کی حالت میں پائے گئے، ہم نے زخمیوں کے لیے ابتدائی طبی امداد کا مرکز قائم کیا ہے اور عمارتوں سے نکلنے والے رہائشیوں کا طبی معائنہ جاری ہے۔
اسرائیل نے ایک گھنٹہ قبل کہا تھا کہ ایران کی جانب سے ملک پر دو مرحلوں میں میزائل داغے گئے، پہلی لہر میں دو اور دوسری لہر میں چار میزائل داغے گئے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج کی دہشت گردی میں تہران میں ایرانی ایٹمی سائنسدان صدیقی صابر شہید ہو گئے، اسرائیلی حملہ دارالحکومت کی فردوسی اور ولی عصر سڑکوں کے قریب ہوا۔