ایران پرامن نہ رہا تو آئندہ حملے مزید سخت ہوں گے: ڈونلڈ ٹرمپ کی دھمکی

Published On 22 June,2025 08:56 am

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو ایک اور دھمکی دی ہے کہ ایران پرامن نہ رہا تو آئندہ حملے مزید سخت ہوں گے۔

قوم سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ ایران کو اب امن قائم کرنا چاہئے، ایرانی کی جوہری تنصیبات ختم کر دی ہیں، ایران کی فردو، نطنز اور اصفہان کی جوہری تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا ہے، امریکا کا مقصد ایران کی جوہری افزودگی کی صلاحیت کو ختم کرنا تھا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران کا دنیا کے لیے جوہری خطرہ ختم کردیا، ایران 40 سال سے امریکا مردہ باد کے نعرے لگا رہا تھا، ایران خطے میں دہشت گردی کو سپورٹ کر رہا ہے، اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے ساتھ ٹیم کے طور پر کام کیا۔

وائٹ ہاؤس سے قوم سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدرنے اسرائیلی وزیراعظم کو مبارکباد بھی دی۔

ٹرمپ نے کہا کہ ایران کی جوہری تنصیبات پر حملوں میں ہمیں بہترین کامیابی ملی، ایران کو ہر صورت امن قائم کرنا ہو گا۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اب یا تو امن قائم ہو گا یا ایران کیلئے ایک ایسا سانحہ ہوگا جو گزشتہ آٹھ دنوں سے بہت بڑا ہوگا، یاد رکھیں کہ ابھی بہت سارے اہداف ایسے ہیں جنھیں نشانہ نہیں بنایا گیا، آج رات ہم نے سب سے مشکل ہدف کو نشانہ بنایا لیکن اگر امن قائم نہیں ہوتا تو ہم دیگر اہداف کو درستی، رفتار اور کامیابی سے نشانہ بنائیں گے۔