تہران: (دنیا نیوز) ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے امریکا کے ساتھ جاری جوہری مذاکرات کو بے معنی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ واشنگٹن کی منافقانہ پالیسیوں کے باعث بات چیت کی کوئی اہمیت باقی نہیں رہی۔
اسماعیل بقائی کا کہنا تھا کہ امریکا ایک طرف بات چیت کے دعوے کر رہا ہے جبکہ دوسری جانب اسرائیل کو ایران پر حملوں کی اجازت دے رہا ہے، امریکا کی اجازت کے بغیر اسرائیل کا ایران پر حملہ ممکن ہی نہیں تھا اس لیے امریکی رویہ نہ صرف منافقانہ ہے بلکہ خطے کے امن کے لیے خطرناک بھی ہے۔
ایرانی ترجمان نے مزید کہا ہے کہ جوہری مذاکرات کی بحالی یا ان میں پیشرفت کی امید اس وقت تک لاحاصل ہے جب تک امریکا اپنی عملی پالیسیوں میں دوغلا پن ترک نہیں کرتا۔
انہوں نے واضح کیا کہ ایران اپنے قومی دفاع اور خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا اور کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔