تہران: (دنیا نیوز) ایران نے اسرائیل پر اپنے حملے تیز اور اسرائیل کا دفاع کرنے کی کوشش کرنے والے ممالک کو بھی نشانہ بنانے کا اعلان کر دیا۔
ایرانی عہدیدار نے کہا ہے کہ ایران کو بین الاقوامی قانون کے تحت اس جارحانہ حکومت کے خلاف فیصلہ کن جواب دینے کا حق حاصل ہے، جو بھی ملک ایران کی کارروائیوں کے خلاف اسرائیل کا دفاع کرے گا اس ملک کے فوجی اڈے ایران کے اگلے اہداف ہوں گے۔
اس سے قبل جمعے کے روز امریکی اور اسرائیلی ذرائع نے امریکی نشریاتی ادارے کو بتایا کہ امریکی فوج نے ایران کی جانب سے اسرائیل پر داغے گئے میزائلوں کو روکنے میں مدد فراہم کی، اسرائیلی ذرائع نے انکشاف کیا کہ خطے کے دیگر ممالک نے بھی اسرائیلی فضائی دفاعی نظام کی حمایت کی۔
اس سے قبل ایران نے ہفتہ کی علی الصبح اسرائیل پر پانچواں بڑا میزائل حملہ کر دیا، تازہ حملے میں کئی میزائل داغے گئے جن میں سے ایک تل ابیب کے وسطی علاقے میں اپنے ہدف پر آن گرا، دھماکوں کی آوازیں تل ابیب اور یروشلم میں سنی گئیں۔