اتوار کو مذاکرات شیڈول تھے، نیتن یاہو نے حملہ کیوں کیا؟ امریکی سینیٹر پھٹ پڑا

Published On 14 June,2025 05:12 am

واشنگٹن: (دنیا نیوز) اسرائیلی حملوں کے خلاف امریکا کے اندر سے آوازیں اٹھنے لگیں۔

امریکی سینیٹر برنی سینڈرز نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ نیتن یاہو نے ہزاروں افراد کی زندگیوں کو خطرے میں ڈال دیا، اتوار کو مذاکرات شیڈول تھے تو نیتن یاہو نے حملہ کیوں کیا؟ نیتن یاہو نے امریکا کی سفارتکاری کو شکست دی۔

واضح رہے کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی شدت اختیار کر چکی ہے، ایران نے ہفتہ کی علی الصبح اسرائیل پر چوتھا بڑا میزائل حملہ کر دیا تھا، تازہ حملے میں کئی میزائل داغے گئے جن میں سے ایک تل ابیب کے وسطی علاقے میں اپنے ہدف پر گرا، دھماکوں کی آوازیں تل ابیب اور یروشلم میں سنی گئی تھیں۔

اسرائیلی میڈیا نے بتایا تھا کہ گش دان میں بھی دو ایرانی میزائل گرنے کی اطلاعات ہیں، حملے کے نتیجے میں شدید آگ بھڑک اٹھی اور اب تک کی اطلاعات کے مطابق کئی افراد زخمی ہوئے جبکہ کئی عمارتیں تباہ ہوگئی تھیں۔