ماسکو: (دنیا نیوز) ایران اسرائیل کشیدگی کے باعث روسی صدر اور اسرائیلی وزیراعظم کا ٹیلیفونک رابطہ ہوا۔
ولادیمیر پیوٹن نے دونوں ملکوں میں ثالثی کی پیشکش کردی، روسی صدر کا ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے بھی رابطہ ہوا، پیوٹن نے اسرائیلی اقدامات کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔
ایرانی صدر نے روسی ہم منصب سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ایران اسرائیلی جارحیت کامنہ توڑ جواب دے گا، روس نے اسرائیلی حملے یو این چارٹر اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی قرار دے دیا۔
یاد رہے کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی شدت اختیار کر چکی ہے، ایران نے ہفتہ کی علی الصبح اسرائیل پر چوتھا بڑا میزائل حملہ کر دیا تھا، تازہ حملے میں کئی میزائل داغے گئے جن میں سے ایک تل ابیب کے وسطی علاقے میں اپنے ہدف پر گرا، دھماکوں کی آوازیں تل ابیب اور یروشلم میں سنی گئی تھیں۔
اسرائیلی میڈیا نے بتایا تھا کہ گش دان میں بھی دو ایرانی میزائل گرنے کی اطلاعات ہیں، حملے کے نتیجے میں شدید آگ بھڑک اٹھی اور اب تک کی اطلاعات کے مطابق کئی افراد زخمی ہوئے جبکہ کئی عمارتیں تباہ ہوگئی تھیں۔