ایرانی زائرین ہمارے مہمان، تمام سہولتیں دی جائیں: شاہ سلمان کا حکم

Published On 14 June,2025 02:51 am

ریاض: (ویب ڈیسک) اسرائیل اور ایران کے درمیان جاری جنگ کے دوران سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیزکا بیان سامنے آگیا۔

مقامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان نے ہدایات جاری کی ہیں کہ سعودی عرب میں ایرانی زائرین کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے، وزارت حج و عمرہ ایرانی زائرین کو سہولیات فراہم کرے۔

شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کہا کہ ایران میں حالات معمول پر آنے تک ایرانی زائرین ہمارے مہمان ہیں، گزشتہ دنوں 16 لاکھ سے زائد عازمین نے حج کی سعادت حاصل کی جن میں ہزاروں ایرانی شہری بھی شامل ہیں، اسرائیلی حملوں کے پیشِ نظر ایرانی فضائی حدود ہفتے تک بند کردی گئی ہے۔

واضح رہے کہ اسرائیل نے جمعہ کی صبح ایران میں درجنوں مقامات پر فضائی حملے کئے جن میں فوجی قیادت کی رہائش گاہوں اور فوجی و جوہری تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا، اسرائیلی حملوں میں 6 سائنسدانوں سمیت 78 افراد شہید ہوئے۔

ایران کی جانب سے آپریشن وعدہ صادق سوم کے نام سے جوابی کارروائی کی گئی، ایک گھنٹے میں3 وقفوں کے ساتھ ڈیڑھ سو سے 2 سو میزائل اسرائیل پر داغے گئی، پہلے حملےمیں 100 اور دوسرے وار میں 50 میزائل داغے گئے جبکہ تیسرے حملے میں بھی تقریباً 50 میزائل داغے گئے ہیں۔