واشنگٹن: (دنیا نیوز) موجودہ جنگی صورتحال کے باعث امریکا نے اپنے شہریوں کو فوری طور پر ایران چھوڑنے کی ہدایت کر دی۔
امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ امریکی شہری ایران کا سفر نہ کریں، جو امریکی شہری فوری طور پر نہیں نکل سکتے وہ محفوظ مقام پر رہیں۔
واضح رہے کہ اسرائیل نے ایران پر علی الصبح فضائی حملہ کرتے ہوئے جوہری اور فوجی اہداف کو نشانہ بنایا۔
ان حملوں میں مسلح افواج کے سربراہ جنرل محمد باقری، پاسداران انقلاب کے سربراہ جنرل حسین سلامی، فوجی کمانڈرز اور 6 جوہری سائنسدانوں سمیت 78 افراد شہید جبکہ 329 زخمی ہو گئے۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ایران نے جلد معاہدہ نہ کیا تو نتائج انتہائی سنگین ہوں گے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹرمپ نے ایران پر مزید بڑے حملوں کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ اب وقت ختم ہو رہا ہے، ایران کو پہلے بھی معاہدہ کرنے کا موقع دیا گیا تھا، مذاکرات قریب تک پہنچے مگر حتمی معاہدہ نہ ہوسکا۔
امریکی صدر نے مزید دعویٰ کیا کہ امریکا دنیا میں سب سے مہلک ہتھیار بناتا ہے اور اسرائیل ان ہتھیاروں کا ماہر صارف ہے، ٹرمپ نے کہا کہ ایران کو اب بھی معاہدے کی طرف آنا چاہیے، اس سے پہلے کہ کچھ باقی نہ بچے ۔